لاہور (جیوڈیسک) قومی ہاکی ٹیم ایشین گیمز ہاکی میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی جہاں لاہور ایئرپورٹ پر کھیلوں کی مختلف تنظیموں نے اس کا استقبال کیا۔ وطن واپسی پر ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم کھلاڑیوں کو ملک کا نام روشن کرنے کے لئے مزید محنت کی ضرورت ہے اور حکومت کو چاہئے کہ ہاکی ٹیم کی بہتری کے لئے فنڈز جاری کرے۔
واضح رہے کہ 17 ویں ایشین گیمز ہاکی میں قومی ٹیم اپنے گروپ میں ناقابل شکست رہی اور گروپ میچ میں گرین شرٹس نے بھارت کو بھی ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی جب کہ سیمی فائنل میں سخت مقابلے کے بعد ملائیشیا کو شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، فائنل میں قومی ٹیم کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوا جس میں مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو پینالٹی شوٹ آؤٹس دیئے گئے جس میں اسے بھارت نے 2 کے مقابلے میں 4 گول سے ہراکر سونے کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔