لاہور (جیوڈیسک) ملائشیا میں ایشین کپ میں حصہ لینے کے بعد قومی ہاکی ٹیم لاہور پہنچ گئی، ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہ کرنے پرٹیم آفیشل نادم اور کھلاڑی افسردہ دکھائی دیئے۔ قومی ہاکی ٹیم ملائشیا سے لاہور ائرپورٹ پہنچی تو ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی نہ کرنے کا افسوس کھلاڑیوں اور آفیشلز کے چہروں سے عیاں تھا۔ ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے کہا کہ وہ شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں، مستقبل میں اپنی کوتاہیوں اور خامیوں کا مداوا کریں گے۔
ٹیم کے ہیڈ کوچ اختر رسول اور کپتان محمد عمرا ن کا کہنا تھا کہ ان کا کام محنت کرنا تھا جو انہوں نے دن رات کی لیکن قسمت نے ساتھ نہیں دیا، ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہ کرنے کا افسوس ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیا نے ٹیم کی شکست پر ذرائع سے بات کرنے سے گریز کیا تاہم انکا کہنا تھا کہ جلد ہی اہم اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔