اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیرِ داخلہ چودھری نثار کی زیر صدارت اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ ڈی پورٹیز کے حوالے سے ایس او پیز کو حتمی شکل دینے اور انٹرنیشنل این جی اوز کی رجسٹریشن پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پولیس، ایف سی اور ایف آئی اے اہلکاروں کیلئے انعامات کے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا اور اجلاس میں نیکٹا کو فعال بنانے کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ نے نادرا کو انٹرنیشنل این جی اوز کا ڈیٹا بینک بنانے اور اسے اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ویزے کے حصول کے خواہشمندوں کا سابقہ ریکارڈ بھی کمپیوٹرائزڈ کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ ڈی پورٹیز کے حوالے سے مختلف ممالک کے ساتھ وضع کی جانے والی پالیسی میں وہاں سے ڈی پورٹ کئے جانے کی وجوہات اور ڈی پورٹیز کی نوعیت کو ملحوظِ خاطر رکھ کر ایس او پیز کو حتمی شکل دی جائے وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس، ایف سی اور ایف آئی اے کے اہلکاروں کو کیش انعامات دینے کے حوالے سے واضح پالیسی اور طریقہ کار مرتب کیا جائے تاکہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کی مناسب حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ اجلاس میں این سی نیکٹا، چیئرمین نادرا، وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کے افسران نے شرکت کی۔