قومی اقلیتی کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے

Sahil Munir

Sahil Munir

میاں چنوں (نمائندہ خصوصی) وطنِ عزیز پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے ایک بااختیار قومی کمیشن کا قیام اقلیتی عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے جو آج تک پورا نہیں ہوسکا ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان کرسچن رائٹرز گلڈ کے سنئیر مرکزی نائب صدر اور معروف شاعرو کالم نویس ساحل منیر نے ایک تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس کمیشن کے قیام سے نہ صرف تعلیم اور روزگارکے شعبوں میں اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی شکایات کا تدارک ممکن ہو سکے گا بلکہ سیاسی و سماجی سطح پر ان کے مسائل مشکلات کے حل کے لئے ایک باضابطہ پلیٹ فارم میسر ہوگا۔

علاوہ ازیں ان کی مذہبی ،تہذیبی و قومی شناخت کے وجود کے تحفظ کے لئے بھی موثر اقدامات کئے جاسکیں گے۔ساحل منیر نے کہا کہ چونکہ موجودہ حکمران جماعت پاکستان تحریکِ انصاف اپنے انتخابی منشور میں اقلیتوں کے حقوق و مفادات کے تحفظ کا وعدہ کرچکی ہے اس لئے نومنتخب وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان اقلیتوں کے اس جائز مطالبہ کی بہرصورت پذیرائی کرتے ہوئے قومی اقلیتی کمیشن کی تشکیل کا اعلان کریں۔