لاہور (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ نے پنجاب میں رکنیت سازی کا آغاز لاہور سے کر دیا، ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیوایم پنجاب ہاوٴس لاہورمیں رکنیت سازی مہم کا افتتاح کیا ، اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم پنجاب میں رکنیت سازی مہم کا آغاز لاہور کے تعلیمی اداروں سے کررہی ہے، الطاف حسین ملک کے سیاسی ، جمہوری اور ترقی کے عمل میں محروم طبقے کو آگے لانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں رکنیت سازی کیلئے سب سے پہلا ہدف طالب علم ہیں۔ آرمی چیف کے حالیہ بیان پر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کے بیان کو سنجیدگی سے لینا چاہئے، دیکھنا چاہئے، کون سے عناصر اداروں کا وقار مجروح کر رہے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تحفظ پاکستان قانون پر عمران خان نے حمایت کایقین دلایا ہے۔