لاہور : نیشنل پارٹی لاہورکی ایگزیکٹو باڈی(کابینہ) کی تشکیل کے لئے کونسل سیشن پارٹی سیکریٹریٹ لاہور میں ہوا۔چیف الیکشن کمیشن محمدنذیراعوان آرگنائزر خوشاب، تھے جبکہ مہمانا ن خاص صدرنیشنل پارٹی پنجاب ایوب ملک،جنرل سیکرٹری طالب حسین، نائب صدرمیاں آفتاب ، نیازاحمد کاظمی ،میاں محمود نواز ودیگر تھے۔
ضلع بھر کے ٹائونز ویونین کونسلز میں منتخب کونسلرز نے اپنے شناختی کارڈز سے اپنی تصدیقی شناخت کرواکر ووٹرز لسٹ میں ووٹنگ یقینی بنائی۔امیدواران نے باقاعدہ نامزدگی فارمز وصول کرکے اپنے عہدوں اور تائیدکندگان کی تصدیق کے ساتھ جمع کروائے۔
اس موقع پراکثریت رائے سے جمہوری طریقہ کاراور آزاد نہ ماحول وآراء سے عہدیداران کاانتخاب مکمل کیا گیا۔ چیف الیکشن کمیشن نے باقاعدہ منتخب عہدیداران کااعلان کرتے ہوئے کہا ہم پر جو ذمہ داری ڈالی گئی ہم نے اسے کماحقہ پورا کیا ہے۔
اس موقع پرصدر پنجاب ایوب ملک نے نیشنل پارٹی لاہورکابینہ کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔جنرل سیکرٹری پنجاب طالب حسین نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ تمام اراکین نے مکمل ذمہ داری اور خوش اسلوبی سے تمام مراحل کو عبور کیا۔
ہم الیکشن کمیشن کے اراکین اور تمام کونسلرز کی آمد پر ممنون ہیں۔صدرپنجاب ایوب ملک نے کہا کہ ایک مکمل پارٹی منشور وآئین کے مطابق نیشنل پارٹی لاہور کیبنٹ کاانتخاب اس امرکی دلیل ہے کہ ہم جمہوریت پسند ہیں۔نیشنل پارٹی نے ہمیشہ عام آدمی کے حقوق کی بات کی۔
ہماری پالیسیاں وطرزسیاست شائد ہمیں اپنی زندگی میں ثمرات نہ دیں مگرایک وقت آئے گا کہ لاکھوں لوگ ہمارے نظریے کی حمایت کریں گے تب رویوں میں معاشرے میں اور ریاست میں تبدیلی آئے گی۔
منتخب کابینہ میں محمد اشرف یادصدر، اقبال اعوان سنیئر نائب صدر، محمد اصغر نائب صدر، محمد صابر جنرل سیکرٹری، نیاز احمد رانا رابطہ سیکرٹری، فریاد حسین ڈپٹی سیکرٹری، ملک مجاہد فنانس سیکرٹری، اقبال کھوکھر سیکرٹری انفارمیشن، رشید لالہ سیکرٹری انٹرفیتھ ہارمنی، اصغر بھٹو لیبر سیکرٹری، خرم سیال سیکرٹری یوتھ اور کشوربانو سیکرٹری خواتین شامل ہیں۔