لاہور (اقبال کھوکھر) نیشنل پارٹی عوامی جماعت ہے جو حقیقی معنوں میں جمہوری، اصولی اور صاف ستھرے سیاسی کلچر کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔
ان خیالات کااظہار نیشنل پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری طالب حسین نے گزشتہ روز سٹی لاہورکے مختلف علاقوں میں لاہور کابینہ کے ہمراہ نیشنل پارٹی کے منشور کی تقسیم کے موقع پر مختلف سیاسی، سماجی اور عوامی افرادسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پراحمدبلال ایڈووکیٹ، محمد ریاض بنگش، محمدنیاز و دیگر کارکنان نے شاہرائوں میں منشور پمفلٹ تقسیم کئے۔طالب حسین نے کہا کہ صدر میر حاصل بزنجو،ڈاکٹر عبدالمالک کی مخلص اورباصلاحیت قیادت میں ہم متحد ومنظم ومتحرک ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ جب تک عام وخاص کی تفریق ختم نہیں ہوتی اور تمام طبقات کو ریاستی حقوق میسر نہیں ہوتے۔
اس وقت تک معاشرہ ترقی یافتہ نہیں ہوسکتا کیونکہ وسائل وبنیادی سہولیات ہر شہری کا ریاستی حق ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کا منشور روائتی سیاست کی بجائے عملی اور تعمیری اقدار پر مبنی ہے اور انشاء اللہ بہت جلد پنجاب کے ہر علاقے میں نیشنل پارٹی کے جھنڈے لہراتے نظرآئیں گے۔