لاہور : نیشنل پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری طالب حسین نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ نیشنل پارٹی غریب مزارعین کے حقوق کی جنگ میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ہم ہر اس اقدام کی مخالفت کریں گے جو غریب عوام کے معاشی،معاشرتی اور انسانی نقصان کا سبب بنے۔
انجمن مزارعین میں بھی کچھ ایسے عناصر ہیں جو حکومتی دبائو میں غریب محنت کش مزارعین کے خاندانوں کے حقوق کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔انجمن مزارعین کو بھی تحمل اور سچائی کے ساتھ اپنی صفوں کو درست اور جعلی مزارعین کا بوریا بسترگول کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت،مقامی انتظامیہ کو اس مسئلے کا امن پسند اور سب کے لئے قابل قبول حل نکالنے کی ضرورت ہے۔
پکڑ دھکڑ،ہراساں،پریشان اور خوف کی فضاء کسی بھی فریق کے لئے مناسب نہیں۔باہمی مشاورت وافہام وتفہیم سے بڑے بڑے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں تو یہ بھی کوئی مشکل کام نہیں۔انہوں نے مزارعین کی ناجائز گرفتاریوں،جھوٹے مقدمات اور خوف وہراساں کرنے کی پرزور مذمت کی۔اس موقع پر ریاض علی بنگش،صابر علی،رشید لالہ بھی موجود تھے۔