قومی کرکٹرز بھی فٹبال ورلڈ کپ کے سحر میں مبتلا

Football

Football

لاہور (جیوڈیسک) قومی کرکٹرز بھی فٹبال ورلڈ کپ کے سحر میں مبتلا ہو گئے، لاہور میں جاری کنڈیشننگ کیمپ کے دوران میچ میں یونس خان الیون نے مصباح الحق الیون کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی۔

میچ کو سپروائز کرنے کیلیے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے تعاون سے انٹرنیشنل ریفریز کی خدمات خصوصی طور پر حاصل کی گئیں، اس دوران کھلاڑیوں میں خاصا جوش و خروش دیکھنے میں آیا، پہلا گول یونس خان الیون کی جانب سے انور علی نے کیا، حریف کپتان مصباح الحق نے پنالٹی کک پر گول سے مقابلہ برابر کر دیا، فیصلہ کن گول اختتام سے صرف 5 منٹ قبل عثمان شنواری نے پنالٹی کک پر کیا۔ فاتح ٹیم نے میچ کے بعد فٹبالرز کی طرح شرٹس اتار کر جشن منایا، میچ کے اختتام پر مختصر تقریب میں یونس خان کو کپ سے نوازا گیا۔

دوسری جانب فیفا ورلڈ کپ میں قومی کرکٹرز بھی بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں، مصباح الحق نے برازیل کو فیورٹ قرار دیا، یونس خان کی رائے میں ارجنٹائن کی جیت کا امکان زیادہ اور وہ اسی کو سپورٹ کرینگے۔ میڈیا سے بات چیت میں ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ کنڈیشننگ کیمپ میں فٹنس کا معیار درست کرنے کیلیے جدید تکنیکس اپنائی جا رہی ہیں مگر فٹبال میچ کھیل کر کھلاڑیوں کی فٹنس جانچنے میں آسانی ہوگی۔انھوں نے کہا کہ پریکٹس کرکٹ میچ کھیلتے ہوئے پلیئرز پر بہت دباؤ ہوتا ہے مگر فٹبال مقابلے کے دوران ایسی کوئی بات نہیں سامنے آتی، سب اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔