قومی رینکنگ اسنوکر: محمد یوسف اور محمد آصف ایونٹ سے باہر

Snooker

Snooker

کراچی (جیوڈیسک) چھٹی قومی رینکنگ اسنوکر چیمپیئن شپ میں پاکستان کے دونوں سابق عالمی چیمپیئن شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے۔ حمزہ اکبر نے محمد یوسف کو ہرایا، آصف ٹوبا نے محمد آصف کو مات دی۔

کراچی میں کھیلے جانیوالے ناک آوٹ مرحلے کے پہلے روز ہی دو بڑے اپ سیٹ ہوئے۔ بیس سالہ حمزہ اکبر نے اٹھاون سالہ سابق عالمی چیمپیئن محمد یوسف کو پانچ تین فریم سے زیر کیا۔

حمزہ نے بیسٹ آف نائن کے فریم میں دو بار سینچری بریک بھی کھیلا۔ حمزہ نے تیسرے فریم میں ایک سو سینتیس اور چھٹے فریم میں ایک سو نوکا بریک بناکر سب کو حیران کر دیا۔

قومی چیمپیئن آصف ٹوبا نے دو سال پہلے کے عالمی چیمپیئن محمد آصف کو پانچ چار فریم سے ہرایا۔ دیگر میچوں میں عبدالستار، عمران شہزاد، خرم آغا، محمد سجاد، ماجد علی اور اسجد اقبال نے کامیابی حاصل کر کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔