اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی سلامتی کانفرنس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے تمام اہداف کامیابی سے حاصل کر لئے گئے ہیں، میران شاہ، بویہ، دیگان اور میر علی کو کلیئر بھی کرا لیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کانفرنس کے دوران ڈی جی ملٹری آپریشنز میجر جنرل عامر ریاض نے آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، کانفرنس کے شرکاء کو شمالی وزیرستان آپریشن سے متعلق پیشرفت اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ کے دوران ڈی جی ملٹری آپریشنز نے بتایا کہ آپریشن ضرب عضب کے تمام اہداف کامیابی سے حاصل کر لئے گئے ہیں۔
پاک فوج نے ساڑھے پانچ سو سے زائد دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے، میران شاہ، بویہ، دیگان اور میرعلی کو بھی کلیئر کرا لیا گیا ہے، میجر جنرل عامر ریاض کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن کے دوران جگہ جگہ بارودی سرنگوں کو بھی کلیئر کیا جا رہا ہے۔