قومی سلامتی کے ادارہ کے وقار پر عوام بھی چپ نہیں رہیں گے۔ چوہدری ظہیر الدین

لاہور: پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری ظہیر الدین خاں نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے ضامن ادارے کے وقار کے مسئلہ پرعوام بھی چپ نہیں رہیں گے قومی اداروںسے متعلق بعض وزراء کا لب و لہجہ افسوسناک ہے، مشرف کے معاملہ میں چودھری شجاعت حسین کا مشورہ نہ مان کر حکومت نے اپنی راہ میں خودکانٹے بکھیرے ، گزشتہ روز مسلم لیگی عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی صفوں میں ضرور کوئی گڑ بڑ ہے جو آرمی چیف کو قومی ادارے کے وقار سے متعلق دوٹوک پیغام دینا پڑا ، انہوں نے کہا کہ ملک بدامنی ، مہنگائی ، بے روز گاری ، بیرونی قرضوں اور لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے دوچار ہے۔

جبکہ حکمرانوں کی توجہ نان ایشوز پر مرکو ز ہے ، انہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین ایک زیرک اور مدبر قومی سیاسی راہنما ہیں وہ خبر دار کرچکے ہیں ،کہ مشرف کیس کا پینڈورا باکس نہ کھولا جائے مگر حالات و واقعات سے ثابت ہو رہا ہے مشرف کیس قانونی نہیں انتقامی نوعیت کا ہے ، آگے چل کر مزید مسائل سراٹھاتے نظر آرہے ہیں ، انہوںنے کہا کہ اس بار غلطیوں کی سزا سسٹم کو نہیں صرف غلطیاں کرنے والوں کو ہی ملے گی۔