کراچی (جیوڈیسک) عالمی نمبر 2 محمد سجاد نے قومی رینکنگ چیمپئن شپ میں دوسرے روز اپنے دونوں میچز جیت لیے، انھوں نے اپنی سبقت قائم رکھتے ہوئے سنچری بریک بھی کھیلا، قومی چیمپئن آصف ٹوبہ کو سندھ کے سلطان محمد نے 4-2 سے مات دیدی۔
این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کے اسنوکر ہال پر جاری قومی رینکنگ چیمپئن شپ میں اتوار کو محمد سجاد نے فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا، انھوں نے پنجاب ہی کے امین طارق کو 4-3 سے قابو کرنے کے بعد لیگ کے اپنے دوسرے میچ میں آکاش رفیق (کے پی کے ) کو4-2 سے بھی ہرایا، اس میچ میں ان کا فریم اسکور 64-39، 135-0، 68-02، 39-88 اور 75-25رہا، سجاد نے دوسرے فریم میں 118کا بریک بھی کھیلا۔
سندھ کے سلطان محمد نے عمدہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے قومی چیمپئن محمد آصف ٹوبہ (پنجاب ) کو 4-2 سے مات دیدی۔ دیگر مقابلوں میں شاہد آفتاب (پنجاب ) نے محمد عمران (پنجاب) کو4-3، ابو صائم (پنجاب) نے عبدالرحیم (پنجاب) کو4-1، حارث ندیم (پنجاب) نے شہرام چنگیزی (اسلام آباد) کو اپ سیٹ 4-1، عمران شہزاد (پنجاب ) نے محمد اشتیاق (سندھ ) کو4-0، اسجد اقبال (پنجاب ) نے بابر مسیح (پنجاب ) کو4-3، ماجد علی (پنجاب) نے ذوالفقار اے قادر (سندھ) کو4-1، ریمبل گل (کے پی کے) نے سہیل شہزاد (سندھ ) کو4-3، عبدالستار (سندھ ) نے خرم آغا (سندھ ) کو 4-3، حمزہ اکبر (پنجاب ) نے محمد بلال (پنجاب ) کو4-2، شہرام چنگیزی (اسلام آباد) نے خرم آغا (سندھ) کو4-1، عمران شہزاد (پنجاب ) نے محمد یوسف (پنجاب ) کو4-2 اور اسجد اقبال (پنجاب ) نے یاسر شہزاد(کے پی کے) کو4-0 سے شکست دے دی، عمران شہزاد نے 101اور 115کے بریک بھی کھیلے۔