کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کراچی میں ہاکی کی ترقی، فروغ اور اسکی بحالی کیلئے ہر قسم کی مدد اور اقدامات کرکے قومی کھیل کو پاکستان کی پہچان بنا ئوں گاہمارے لئے اعزاز کی بات ہے کہ ہمارے صوبے کے وزیر اعلیٰ اور گورنر کھیل اور کھلاڑیوں سے محبت رکھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اور نیشنل بینک کے اسپورٹس کنسلٹنٹ غلام محمد خان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں بڑی تعداد میں کھیلوں کی نامور شخصیات اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا کہ میں ہاکی کے کھیل کیلئے گورنر سندھ اور آئی جی سندھ سمیت مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کرچکاہوں اور اس کھیل کی ترقی کیلئے ہر شخصیت نے مجھے تعاون کا یقین دلایا ہے ۔ میں بلا خوف و خطر اپنی جیب خاص سے اس کھیل کی ترقی کیلئے شب و روز ہاکی کے محبت کرنے والے افراد کے ساتھ مل کر کام کروں گا ۔ انہوں نے کہا KHAکے آئین میں کہیں بھی خواتین کی سرگرمیوں کا ذکر نہیں ہے ۔ اور میں اس آئین میں ترمیم کرکے خواتین کی ہاکی کی ترقی کیلئے اقدامات کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں ہاکی سے وابستہ افراد سے اپیل کروں گا کہ وہ میری کوتاہیوں کی نشاندہی کریں اور اچھے کاموں میں میرا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی KHAکے سیکریٹری کے نامزد کردہ اعلان ہو جائیگا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 15دن کے عرصہ میں ان شاء اللہ کراچی میں بڑے پیمانے پر ہاکی کی سرگرمیاں شروع ہوجائیں گی ۔ قبل ازیں غلام محمد خان نے ڈاکٹر سید محمد علی شاہ کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ اوران سے وابستہ افراد ہاکی کے فروغ میں انکے شانہ بشانہ کام کریں گے۔
تقریب سے مہمان خصوصی سید خالدشاہ، صدر تقریب محمد اسلم خان، آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین امتیاز احمد شیخ ، کے علاوہ گلفراز احمد خان ، انٹرنیشنل پرویز اقبال، سید راحت علی شاہ ، سجاس کے سیکریٹری اصغر عظیم ، کرنل احتشام الدین، ایس پی سید اعجاز الدین، سید ظاہر شہاب، انور فاروقی ، ایم نسیم، سید ہ ارم بخاری ، پروفیسر گل رخ ، حمیرہ صدیقی، نے بھی اس موقع پر تقریب سے خطاب کیا۔ جبکہ تقریب میں سید نسیم حسین ،ظہیر عباس، پروفیسر شاہد ، جاوید اقبال، حمیرہ صدیقی، فرح ریاض، صفدر عباس، غلام یٰسین ، اسماء محمد علی شاہ ، عقیل احمد اور متعدد شخصیات نے شرکت کی۔ جاری کردہ :۔ میڈیا کوارڈینٹر