کراچی (اسپورٹس رپورٹر ) نیشنل اسپورٹنگ فٹ بال کلب کے زیر اہتمام آل کراچی عظمت علی میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل شہزاد محمڈن فٹ بال کلب نے اپنے نام کرلیا ۔فائنل معرکے میں شہزاد محمڈن نے مد مقابل مضبوط حریف مسلم برادرز کورنگی کو 2-0سے شکست دیکر فائنل جیت لیا ۔کھیل کے دوران پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا تاہم دوسرے ہاف میں شہزاد محمڈن کے کھلاڑیوں سہیل اور اخلاق نے یکے بعد دیگرے 2 گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ۔فائنل کے اختتام پر مہما ن خصوصی معروف سماجی و سیاسی رہنماء حاجی ذاہد سے دونوں ٹیموں کا تعارف کرایا گیا۔
اس موقع پر مہمان خصوصی نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات تقسیم کئے مین آف دی میچ کا ایوارڈ شہزاد محمڈن کے سہیل کو دیا گیا ا موقع پر ٹورنامنٹ آرگنائزر حیدر بھائی ،وکیل بھائی ،سیکریٹری نیشنل اسپورٹنگ مہتاب ،سیکریٹری جانباز اسپورٹس امیر حاتم ،ایچ ایم حنیف ،مکمل شاہ اور دیگر موجود تھے ۔ٹورنامنٹ کے فائنل میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری فرید طوفان ،نصیر عمر بلوچ اور عزیز پاشا نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر ایچ ایم حنیف اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے ۔