لاہور (جیوڈیسک) قومی ہاکی ٹیم ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی جیت کر وطن واپس پہنچ گئی ہے، کپتان اور کوچ کا کہنا ہے کہ کامیابی ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔
قومی ہاکی ٹیم ایشین چیمپین شپ کا تاج سر پر سجائے وطن واپس پہنچی تو لاہور ایئر پورٹ پر ہاکی فیڈریشن اور عوام کی بڑی تعداد نے کھلاڑیوں کا بھر پور استقبال کیا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔
ایئر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان قومی ہاکی ٹیم محمد عمران کا کہنا تھا کہ ہمیں مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے مثبت رویہ اپنانا ہو گا۔ سیکرٹری ہاکی فیڈریشن رانا مجاہد اور کوچ طاہر زمان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ جلد سے جلد ایسا ٹیلنٹ تیار کیا جائے جو دوہزار سولہ میں ہونیوالی اولمپکس اور پھر دو ہزار اٹھارہ میں ورلڈ کپ میں تمغہ جیت کر لائے۔
ہاکی ٹیم کی جانب سے ایک لمبے عرصے کے بعد خوشی کی خبر کو شائقین خوش کن قرار دے رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہاکی ٹیم مستقبل میں بھی ایسی کامیابیا ں سمیٹ کر ملک کا نام روشن کرے گی۔