لاہور (جیوڈیسک) چیرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کا کوچ ملکی ہو گا یا غیر ملکی اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سالانہ اجلاس کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ ابھی تک قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا کہ کوچ ملکی ہو گا یا غیر ملکی تاہم معین خان، محسن حسن خان اور عاقب جاوید سمیت تمام امیدواروں کے لئے دروازے کھلے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی سلیکشن کمیٹی کا اعلان آئندہ ایک دو روز میں کردیا جائے گا جب کہ قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لئے عارضی کوچ بھی لیا جا سکتا ہے۔
شہریار خان کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا بائیو میٹرک ٹیسٹ 8 جولائی کو بھارت کے شہر چنئی میں ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں 8 برس بعد بائیو مکینک لیب نے کام شروع کردیا ہے اس لئے محمد حفیظ چنئی جانے سے پہلے اپنا بولنگ ایکشن یہاں بھی چیک کروالیں تو ان کے لئے بہت آسانی ہو جائے گی۔