قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ اور مزید 3 کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے

Pakistan Team

Pakistan Team

لاہور (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑی اور 5 آفیشل جنوبی افریقہ سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں، لاہور ایئرپورٹ پر پی سی بی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ لاہور پہنچنے والے آفیشلز میں کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو ڈوٹمور، فلڈنگ کوچ جولین فاونٹین، بولنگ کوچ محمد اکرم ، ڈاکٹر ریاض اور ٹرینر صبور جبکہ کھلاڑیوں میں بلاول بھٹی، صہیب مقصود اور عبدالرحمان شامل تھے۔

ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں صہیب مقصود کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کو پہلی بار کسی ایشین ٹیم نے ان کی سر زمین پر شکست دی۔ جس پر ٹیم کا مورال بلند ہے، آئندہ ٹور میں بھر پور کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

آل راونڈر بلاول بھٹی سب سے آخر میں لاونج سے باہر آئے ، ون ڈے سیریز میں بہتر کارکردگی دکھانے پر ان کی خوشی چہرے سے عیاں تھی۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پہلا میچ تھا اور پریشر بہت زیادہ تھا لیکن اللہ کا شکر ہے کہ اس نے ہمت دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ون ڈے سیریز جیتنے میں کسی ایک کھلاڑی کی نہیں پوری ٹیم کی محنت تھی۔ قومی ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور نے کیمرے کے سامنے تو بات نہ کی، لیکن آف دی ریکارڈ گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کا آخری ٹور تھا۔