کراچی (جیوڈیسک) ہارون رشید کو ایک بار پھر نوازنے کی تیاری کر لی گئی، اس بار انھیں ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز کی ذمہ داری سونپی جائے گی، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے معاملات وہی سنبھالیں گے، اس حوالے سے آئندہ چند روز میں رسمی اشتہار بھی جاری کیا جا رہا ہے، پی سی بی کے ایک اعلیٰ افسر سابق ٹیسٹ بیٹسمین کو واپس لانے کیلیے کوشاں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ اور ورلڈٹی ٹوئنٹی کی شکست پر بننے والی کمیٹی کی سفارش پر ہارون رشید کو چیف سلیکٹر کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا، اس وقت ان کے ’’چاہنے والوں‘‘ نے بہت برا منایا اور اب انھیں موقع مل گیا ہے کہ انھیں دوبارہ پی سی بی میں فٹ کرایا جائے، ذرائع نے بتایا کہ ہارون رشید کو ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز بنانے پراتفاق ہوگیا ہے، وہ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک دونوں کرکٹ کے معاملات سنبھالیں گے، اس حوالے سے آئندہ چند روز میں ایک رسمی اشتہار بھی جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ہارون رشید قومی کرکٹ کو نقصان پہنچانے کے الزام میں برطرف ہوئے تھے، وہ تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے اپنے فیصلوں کی وضاحت نہیں کرپائے تھے مگر اس کے باوجود اب انھیں ایک بار پھر اہم ذمہ داری سونپی جا رہی ہے، اسی کے ساتھ وہ اب 63 سال کے ہو چکے، بورڈ آف گورنرز 60 سال سے زائد العمر افراد کو ملازمت نہ دینے کی سفارش کرچکا ہے، ایسے میں ان کا تقرر خلاف ضابطہ ہوگا، ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ دراصل بورڈ کے دو بڑوں کی انا کا مسئلہ ہے ، ہارون رشید کو ایک اعلیٰ آفیشل نے برطرف نہ کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کوئی اور ذمہ داری سونپنے کا کہا تھا مگر دوسرے نہ مانے، وہ ایک کھلاڑی کو اپنے منع کرنے کے باوجود سلیکٹ کرنے پر ناراض تھے، اب وہ اعلیٰ آفیشل ہارون رشید کو دوبارہ واپس لا کر اپنی انا کی تسکین چاہتے ہیں۔