قومی ٹیم نے پھر کمر کس لی، پہلا ٹیسٹ اپنے نام کریں گے، مصباح الحق

Misbah-ul-Haq

Misbah-ul-Haq

ابوظہبی (جیوڈیسک) پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں ہرانے کے بعد ٹیسٹ سیریز میں بھی زیر کرنے کے لیے کمر کس لی، کپتان مصباح الحق نے پہلا ٹیسٹ بھی جیتنے کے عزم کا اظہار کر دیا۔

ابوظہبی میں قومی ٹیم ٹیسٹ سیریز سے قبل مختصر ٹریننگ کیمپ میں حصہ لے گی، کھلاڑی کوچ ڈیو واٹمور کی زیر نگرانی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں موجود خامیوں کو دور کریں گے۔ ناقص پرفارمنس کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے ڈراپ ہونے والے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ون ڈے سیریز میں شاندار تین سنچریاں جڑ کر ناقدین کے منہ تو بند کیے ہی تھے، اب انہیں ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بھی بنایا گیا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ ٹیسٹ سیریز میں بھی کار آمد ثابت ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ایک روزہ میچوں کی سیریز جیتنے کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے، کھلاڑی سیریز کے پہلے میچ میں فتح کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

کپتان کے مطابق ٹیم نئے سال کا جشن فتح کے ساتھ منانے کی خواہش مند ہے۔ دوسری جانب آئی لینڈرز بھی ون ڈے سیریز میں ناکامی کو بھلا کر ٹیسٹ میں کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ اکتیس دسمبر سے ابوظہبی میں شروع ہو گا۔