لاہور (جیوڈیسک) بھارت کے معروف کرکٹ میگزین وزڈن انڈیا نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز انضمام الحق کو ایشیا کا سب سے معتبر بیٹسمین قرار دیا ہے اور انہیں یہ اعزاز ٹیم کو زیادہ کامیابیاں دلانے کی وجہ سے دیا گیا۔
وزڈن انڈیا نے دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے انضمام الحق کو ایشیا کا معتبر ترین بلے باز قرار دینے کا فیصلہ ایک جائزہ رپورٹ میں کیا جس میں انہیں ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اور سنچریاں بنانے والے سچن ٹنڈولکر سے بھی بڑا بیٹسمین قرار دیا گیا ہے، یہی نہیں انہوں نے اس معاملے میں ایشین ڈان بریڈمین، ظہیر عباس، جاوید میانداد، اروندا ڈی سلوا، اظہر الدین، راہول ڈریوڈ اور سنیل گواسکر جیسے عظیم کھلاڑیوں کو بھی پیچھے چھوڑدیا ہے۔
وزڈن انڈیا کے مطابق 120 ٹیسٹ میچوں میں 8 ہزار 830 اور 378 ایک روزہ میچوں میں 11 ہزار 739 رنز بنانے والے انضام الحق کی حیثیت ٹیم میں ڈھائی کھلاڑیوں سے بھی زیادہ تھی، انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے 49 میچوں میں 78 رنز فی اننگز کی اوسط سے فتح دلانے والی اننگز کھیلیں جو دنیا میں سر ڈان بریڈمین کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انضمام الحق اور راہول ڈریوڈ نے ٹیم کو 7 سیریز میں فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا لیکن راہول ڈریوڈ نے ان سے 44 ٹیسٹ میچز زیادہ کھیلے تھے، یہی نہیں انہوں نے بحیثیت کپتان بھی متعدد یادگار اننگز کھیلیں جس کے بعد انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں دنیا کا بڑا فتح گر قرار دیا گیا۔