لاہور (جیوڈیسک) نوجوان قومی بیٹسمین عمر اکمل نے کہا ہے کہ اگر انہیں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت ملی تو وہ کسی کو بھی مایوس نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی ٹیم کی کپتانی کرتے رہے ہیں اور انہیں یہ ذمہ داری دی گئی تو اپنی کارکردگی سے اسے درست ثابت کر دیں گے۔
عمر اکمل کا کہنا ہے کہ وہ تنازعات سے ہر ممکن حد تک بچنے کی کوشش کے باوجود یہ ان کا پیچھا کرتے ہیں جس کے سبب انہوں نے اپنی مصروفیات بھی کم کر دی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آؤٹ ہو کر میدان چھوڑنے کو جی نہیں چاہتا ہمیشہ یہی کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کو فتح دلائی جائے اور قیادت کے حوالے سے تنازعات کو پیش نظر رکھنا درست نہیں ہے۔