لاہور (جیوڈیسک) آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے افتتاحی میچ میں پاکستانی ٹیم کی شاندار کامیابی پر سابق ٹیسٹ کرکٹرز خوشی سے نہال ہو گئے۔
سابق کرکٹرز کے مطابق گرین شرٹس نے تینوں شعبوں میں عمدہ پرفارم کرتے ہوئے فتح کو اپنا مقدر بنایا، بنگال ٹائیگرز کیخلاف فتح کو بھول کر اب اپنی ساری توجہ بھارت کے خلاف میچ پر مرکوز کرنا ہوگی، سابق کپتان محمد یوسف نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی خوش آئند تاہم بڑا میچ بھارت کے ساتھ ہے، دونوں ملکوں کی عوام اپنی ٹیموں کو جیتتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔
میری رائے میں کھیل میں ہار یا جیت اتنی معنی نہیں رکھتی، اگر کوئی ٹیم اچھا کھیل کر ہار بھی جائے تو شائقین کو اسے بھی سپورٹ کرنا چاہیے، عامر سہیل نے کہا کہ پاک بھارت میچ میں زیادہ دباؤ میزبان ٹیم پر ہوگا، بنگلہ دیش کیخلاف شاہد آفریدی کے اوپر آکر کھیلنے سے ٹاپ آرڈر بیٹسمین عمر اکمل صفر پر آؤٹ ہو گئے اور اب بھارت کیخلاف میچ میں ان کے لیے پر فارم کرنا مزید مشکل ہو جائے گا، پاکستانی ٹیم کو چاہیے کہ میدان میں اترتے ہی اپنی باڈی لینگویج مثبت رکھے۔
مشتاق احمد نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی جب ٹیم میں کم بیک کرے تو اعتماد کی بحالی میں کپتان اور کوچ کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے، احمد شہزاد نے جس طرح بنگال ٹائیگرز کے خلاف کھل کر بیٹنگ کے جوہر دکھائے اس کا کریڈٹ ٹیم مینجمنٹ کو بھی جاتا ہے،ان کا فارم میں آنا خوش آئند ہے۔