لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو مشکل حالات اور اندھیروں سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا مسلم لیگ (ن) کا مشن ہے، جس کی تکمیل کے لئے سردھڑ کی بازی لگانے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔
بہترین معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک کی اقتصادی اور معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے، ملک میں اربوں ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری آرہی ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، ایسی صورتحال میں ملک میں احتجاجی، منفی اور انتشار کی سیاست کا کوئی جواز نہیں۔
پاکستان ترقی و خوشحالی کے جس سفر پر گامزن ہو چکا ہے اب کوئی انقلاب یا لانگ مارچ اس سفر کو نہیں روک سکتا، ملک و قوم کی ترقی کے دشمن مذموم عزائم میں ناکام ہوںگے اور عوام ان کی قومی یکجہتی اور قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے والی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کردیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی، عہدیداروں اورکارکنوں کے وفود سے ملاقاتوں میں کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ دورآمریت کے دوران پنجاب کے سابق حکمرانوں نے ترقیاتی سکیموں کے نام پر لوٹ مار، کرپشن اور اقرباء پروری کے ریکارڈ قائم کئے۔
ان کے دور میں کوئی بھی ایسا منصوبہ نہیں جو مکمل ہوا ہو۔ سابق حکمرانوں نے کرپشن کے انبار لگائے، ہم نے ان کے کرپشن کے قبرستانوں کو ترقی کے میناروں میں بدل دیا ہے۔ ہمارے دور میں کرپشن کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا اور ہمارے مخالفین بھی ہم پر ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتے۔ سرمایہ کاری کے لئے ملک میں سیاسی استحکام بھی ناگزیر ہے۔ کس قدر افسوس کی بات ہے کہ بعض عناصر کو ملک وقوم کی ترقی اور عوام کا مفاد بالکل عزیز نہیں ہے اور وہ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کر کے بیرونی سرمایہ کاروں کو ملک سے بھگانا چاہتے ہیں۔
عوام ان عناصر کو مسترد کردیں گے اوران کی احتجاجی کالوں پر بالکل کان نہیں دھریں گے، ملک کے موجودہ حالات قطعی اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ یہاں لانگ مارچ اور انتشار کی سیاست کی جائے بلکہ یہ وقت ان فوجی افسروں اور جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کا ہے جو اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر ملک و قوم کا مستقبل محفوظ بنانے کے لئے دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے چین کے جنوبی مغربی صوبے یونن میں زلزلے کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان، سابق ڈپٹی سپیکر بیگم اشرف عباسی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔