کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی وحدت ہی محفوظ مستقبل کی ضامن ہے اسلئے آج قوم تمام مذہبی ‘ مسلکی‘ صوبائی ‘ لسانی ‘ جماعتی ‘ گروہی تفاوتوں اور نفرتوں و تعصبات سے بالاتر ہوکر پاکستانی ہونے کی حیثیت سے قومی و ملکی تعمیر و ترقی اور استحکام و خوشحالی کیلئے فعال و دیانتدارانہ کردار کی ادائیگی کا عزم و عہد کرے کیونکہ ملک آج جن مسائل و مصائب سے دوچار ہے۔
اس کی بنیادی وجہ وہ تفرقہ و انتشار ہے جس نے قوم کو گروہوں میں تقسیم کردیا ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ جب کوئی قوم گروہوں اور قبیلوں میں بٹ جاتی ہے تو اسے تباہی کیلئے کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہوتی اسکی تباہی کیلئے اس کا انتشار ‘ نفرت اور مخاصمت ہی کافی ہوتی ہے۔
یہ بات نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاونڈیشن کے آرگنائزر و چیئرمین عمران چنگیزی نے ایم آر پی سربراہ امیر پٹی کے ہمراہ یوم پاکستان کے موقع پرمزار قائد حاضری و فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر وائس چیئرمین این جی پی ایف فیصل خان ‘ صدر عقیلہ غوری ‘ جنرل سیکریٹری حاجی امیر علی خواجہ ‘ جوائنٹ سیکریٹری سید آصف حسین آغا و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔