نیشنل ووٹرز موومنٹ کے بانی ڈاکٹر آفتاب حیات ملک نے کہا ہے کہ نیشنل ووٹرز موومنٹ بہت تیزی سے اپنی منزل کی طرف بڑھ رہی ہے

تلہ گنگ : نیشنل ووٹرز موومنٹ کے بانی ڈاکٹر آفتاب حیات ملک نے کہا ہے کہ نیشنل ووٹرز موومنٹ بہت تیزی سے اپنی منزل کی طرف بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ووٹرز کو ان کی اصل طاقت دلانے کے لئے میدان عمل میں آئے ہیں۔انہوں نے نئی بات کے دفتر میں دوران گفتگو کہا کہ ہمارا نعرہ تلہ گنگ ضلع ابھی نہیں تو پھرکبھی نہیں تلہ گنگ کے عوام کے دلوں کی دھڑکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ لالی پوپ اور چوسنیوں والی پالیسی پر عمل در آمد نہیں ہونے دیں گے۔ اگر ضلع کا اعلان کر کے ایک لاکھ چودہ ہزار ووٹ حاصل کر کے اقتدار حاصل کر لیا گیا ہے تو پھر ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن میں التواء کا کیا جواز ہے۔ انہوں نے علاقے کے ووٹروں سے درخواست کی ہے کہ اس مسئلے کو انتہائی سنجیدگی اور مثبت انداز میں لیا جائے۔

اور تحریک میں ہر شخص اپنا حصہ ڈالے ہم انشاء اللہ تلہ گنگ کو ضلع بنا کر دم لیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام Stake holders جو تلہ گنگ ضلع بنانے کے لئے کسی دور میں بھی کام کرتے رہے ہیں ان کوچاہیے کہ وہ آگے آئیں۔او ر اس کی قیادت کا فریضہ سر انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا کام سماجی خدمت ہے اور ہم اس کاز کو سامنے لانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں۔