اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ سب کوعزت دیتے اور ساتھ لے کرچلنا چاہتے ہیں لیکن آصف علی زرداری نے گزشتہ دنوں جو کہا اس پر دکھ ہوا۔
وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ( ن) سندھ كی صوبائی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اطلاعات پرویز رشید، احسن اقبال، جام معشوق علی، ڈا کٹرآصف كرمانی، اقبال ظفر جھگڑا، عبدالحكیم بلوچ، ماروی میمن، نہال ہاشمی، راحیلہ مگسی سمیت پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی
اجلاس میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا جب کہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ كیا ہے کہ پاكستان مسلم لیگ (ن) بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کے پُرانے وفادار وركرزاورعوام سے رابطہ ر کھنے والے امیداواركو ٹكٹ جاری کرے گی اور انہیں سامنے لایا جائے گا۔۔
اجلاس سے خطاب كرتے ہوئے وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ سندھ ہمارے لیے بہت اہم ہے اور آپ كا فرض ہے کہ سندھ کے عوام كا اُسی طرح بھرپور اعتماد حاصل كرنے كے لیے اپنی كاوشیں تیز كریں جس طرح وفاق كی سطح پر كی گئی ہیں۔ وزیر اعظم نے پارٹی قیادت سے كہا كہ سندھ میں مسلم لیگ (ن) كی پورزیشن كو دوبارہ بحال كرنے کے لیے رابطوں كو تیز كیا جائے اور صوبائی اور ضلعی سطح پر پارٹی تنظیم كو فعال بنایا جائے۔
انہوں نے کہا ہم نے عام انتخابات میں صوبائی اور وفاقی سطح پر عوام کے دیئے ہوئے مینڈیٹ كا احترام كیا اب بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) صوبوں میں بھر پور مہم چلائے گی اور اپنی كاركردگی كی بنیاد پر عوام كا اعتماد حاصل كرنے كی كوشش كرے گی۔