لاہور : سربراہ تحریک صراطِ مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کے ساتھ ایک پیج پر ہے۔ تمام محب وطن قوتوں کے ساتھ ملکر دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کیلئے مثبت رول ادا کرتے رہیں گے ، علماء کرام ومشائخ عظام ،اساتذہ، ڈاکٹرز، پروفیسر ز، معززین دہشتگرد عناصر کے خلاف عوام میں شعور اُجاگر کریں اور عملی طور پر میدان عمل میں آکر طالبان نما دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ملیامیٹ کردیں ،انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ،ہمارے اکابرین نے پاکستان بناتے وقت لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کیے۔
اَب پاکستان بچانے کیلئے بھی ان کی اولادیں کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرینگی۔ ضرب عضب آپریشن نے دہشتگردوں کو ذہنی طورپرمفلوج کردیا ہے،نقل مکانی کی آڑ میں دہشتگردددوسرے شہروں کا رخ کررہے ہیں ،کالعدم تنظیمیں دہشتگردوں کو تحفظ فراہم کررہی ہیں ،نقل مکانی کی آڑ میں دوسرے شہر جانے والے دہشتگردوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں ،کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے اور نام بدل کر کام کرنے والی تنظیموں پر مکمل پابندی عائد کی جائے ۔سنی تحریک کے صوبائی رہنما محمد زاہد حبیب قادری نے کہا ہے کہ یہودی لابی مسلمانوں کے مذہبی جذبات بڑھکا کر انہیں علم ،عمل اور ترقی کی راہ سے روکنا چا ہتی ہے ۔اللہ تعالی کی واحدانیت ،رسول اللہ ۖ اور اہل بیعت کی محبت مسلمانوں کا ایمان ہے ۔قرآن پاک کی حفاظت اللہ تعالیٰ نے خود اپنے ذمہ لی ہے اس لئے مسلمانوں کو ان موجودہ حالات میں اپنے پر امن علم،عمل اور ترقی کے سفر کو جاری رکھنے کیلئے ہر طرح کی پراپگنڈہ مہم سے دور رہنا ہوگا۔فیس بک یا کسی بھی دیگر سوشل میڈیا پر مسلمانوں کے ایمانی جذبات سے کھیلنے والوں کا مناسب اور بروقت سدء باب کیاجائے تو ان سازشوں کا بڑی حد تک مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔