متحدہ کے 136 کارکنوں کے ورثا کو 2 لاکھ روپے فی کس معاوضے کی منظوری

Qaim Ali

Qaim Ali

کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی میں 2012 میں مختلف واقعات کے دوران جاں بحق ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ کے 136 کارکنوں کے ورثاکو 2 لاکھ روپے فی کس معاوضے کی ادائیگی کی منظوری دیدی ہے۔

محکمہ خزانہ نے وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پرمتاثرہ خاندانوں کو معاوضے کی ادائیگی کیلیے 2 کروڑ 72 لاکھ روپے کا چیک کمشنر کراچی کوجاری کردیاہے جوانھیں موصول ہوگیاہے، کمشنرکراچی شعیب احمد صدیقی کا کہناہے۔

کہ 2012 میں مختلف واقعات میں ایم کیوایم کے 136 کارکن جاں بحق ہوئے تھے ان کارکنوں کے ورثا کو معاوضے کی ادائیگی کیلیے وزیراعلیٰ سندھ نے جسٹس (ر) زاہدقربان علوی کی سربراہی میں ایک کمیشن تشکیل دیا تھا۔

جس نے اپنی رپورٹ میں جاں بحق ہونے والے 136 کارکنوں کے خاندانوں کے کوائف کاجائزہ لیااورفی خاندان کو 2 لاکھ روپے معاوضہ جاری کرنے کی سفارش کی، وزیر اعلیٰ سندھ نے اس سمری کو منظور کر لیا۔

جس کے بعد متاثرہ خاندانوں کو معاوضے کی ادائیگی کیلیے چیک محکمہ خزانہ کی جانب سے کمشنر سیکریٹریٹ کو موصول ہو گیا ہے اوراب ان جاں بحق افرادکے ورثا کو معاوضے کی ادائیگی متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کرینگے۔