کراچی (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف آج جمعرات کے روز کراچی پہنچیں گے، جہاں پر وہ شہر میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشن کا جائزہ لیں گے۔ گورنر ہاؤس میں وزیراعظم کو اعلٰی سطح کے ایک اجلاس میں بریفنگ دی جائے گی۔
اس اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، رینجرز اور پولیس کے سربراہان اور اعلیٰ افسران سمیت اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف آج اپنے دورے کے دوران متحدہ قومی موومنٹ کو وفاقی حکومت میں شمولیت کی دعوت بھی دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ کو پورٹ اینڈ شپنگ سمیت وفاق میں تین وزارتیں ملنے کا امکان ہے۔ وزیراعظم کی کراچی آمد کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ خیال رہے کہ نواز شریف ان حالات میں کراچی کا دورہ کر رہے ہیں جب شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن جاری ہے۔