کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لیاری سے نقل مکانی کرجانے والی کچھی برادری کے خاندانوں کی دوبارہ آبادکاری کیلئے فوری عملی اقدامات کئے جائیں۔ ایم کیو ایم اعلامیہ کے مطابق رابطہ کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لیاری اور اس کے اطراف میں دہشت گردوں کی کارروائیوں کے باعث اب بھی کچھی برادری کے افراد بڑی تعداد میں بے سرو سامانی کے عالم میں کراچی کے مختلف علاقوں اور اندرون سندھ میں نقل مکانی پر مجبور ہے۔
رابطہ کمیٹی کا کہنا تھاکہ کچھی برادری کے افراد کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ رابطہ کمیٹی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ لیاری اور اس کے اطراف سے نقل مکانی کرنے والے کچھی برادری کی بحالی کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔