جمبر (نامہ نگار) قوموں کی ترقی میں بنیادی کردار تعلیم کا ہے ،کیونکہ کوئی بھی معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا، ضرورت اس امر کی ہے کہ نسل نوکودنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی دی جائے تاکہ وہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں،جدید ریسرچ سے استفادہ حاصل کر کے ہم نسل نو کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرا سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہاراسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن ضلع قصورسیدشہزاد ہاشمی نے پیف پارٹنر رفیق ماڈل گرلزایلیمنٹری سکول جمبر کے سالانہ نتائج کے سلسلے میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کے دوران کیا۔، انھوں نے بہترین کارکردگی پر سکول سٹاف اور سکول پرنسپل شفیق احمد خان کومبارکباد پیش کی۔پرنسپل سکول ہذا شفیق احمد خان نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تدرسی نظام میںبچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔
انھوں نے ادارے کی کامیابیوں کواپنے شہر کی عوام کے نام کیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شکیل احمد خان سرپرست سکول ہذا کا کہنا تھا کہ پیف سکول کا خاصہ ہے کہ وہ عصری تعلیمی تقاضوں کے ساتھ ساتھ دینی تقاضوں پر بھی عمل پیرا ہے، سکول کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر رفیق ماڈل سکول کے دو کیمپس کام کررہے ہیں مگرپھر بھی جگہ کی قلت ہے۔
کالمسٹ عقیل خان نے کہا کہ تعلیم کے بغیر انسان اندھا ہے اور آجکل کے جدید دور میں تعلیم حاصل کرنا ہر بچے کے لیے ضروری ہے ۔ رفیق ماڈل سکول کو پیف کا پارٹنر بننے سے سکول میں مزید نکھار آئے گا۔ پیف ادارہ بچوں کی تعلیم کے لیے ہر ممکن کوشش کررہا ہے کہ کوئی بچہ تعلیم کے میدان میں پیچھے نہ رہ جائے۔ سکول ہذا کی بڑھتی ہوئی تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ جمبر کی عوام رفیق ماڈل سکول پر بہت زیادہ اعتماد کرر ہی ہے۔اس موقع پر سکول کے بچوں نے مختلف ٹیبلو پیش کر کے شرکاء سے خوب داد حاصل کی۔ بعد میں پوزیشن ہولڈرز بچوں میں شیلڈز ، میڈلز اور انعامات تقسیم کئے گئے،تقریب تقسیم انعامات میں مختلف سکولوں کے سربراہان، سماجی و تعلیمی شخصیات کے علاوہ والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔