متحدہ کے رہنماؤں سے بھتہ مانگنے والے 2 دہشت گردوں سمیت 28 ملزمان گرفتار

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) پولیس رینجرز اور حساس ادارے نے ٹارگٹڈ اور چھاپہ مار کارروائی کے دوران متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں کو بھتے کی پرچیاں دینے والے کالعدم تنظیم کے کارندے، ٹارگٹ کلرز اور دہشت گرد سمیت 28 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ، گولہ بارود اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او کورنگی انسپکٹر زاہد سومرو نے پولیس پار ٹی کے ہمراہ لوٹ مار کنے والے دو ملزمان عثمان اور فاروق کو مقابلے کے بعد گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول اور موٹر سائیکل برآمد کر لی ، رینجرز نے قائد آباد گلشن بونیر ، گلستان جوہر۔

سرجانی ٹاؤن خدا کی بستی اور بلوچ کالونی سے 14 ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا ، ترجمان کے مطابق گلشن بونیر سے گرفتار 5 ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے، منگھو پیر پولیس نے اجتماع گاہ روڈ سے مقابلے کے بعد ایک ملزم ریاض کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن تنویر مراد نے 2 ملزمان حسین شاہ اور سمیم خان کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے 2 پستول اور موٹر سائیکل برآمد کر لی ، پیر آباد پولیس نے پٹھان کالونی بنارس سے مقابلے کے بعد ایک ملزم زاہد عرف چھاپا کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔

حساس ادارے کی ایک ٹیم نے گلستان جوہر اور شاہراہ فیصل سے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں خلیل خان اور جاوید شاہ کو حراست میں لے کر تفتیش کیلیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، ذرائع کے مطابق ملزمان نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں بابر غوری، فاروق ستار ، حیدر عباس رضوی اور خالد مقبول صدیقی کو بھتے کی پرچیاں اور دھمکی آمیز خطوط بھیجے تھے ، ملزمان کے قبضے سے ملنے والے موبائل فون سے افغانستان بھی فون کال کی گئیں ہیں۔

ملزمان کے قبضے سے ملنے والے موبائل فون سے ان کے ساتھی دہشت گردوں کے نمبر حاصل کر کے گرفتاری کے لیے چھاپے مار جا رہے ہیں، زمان ٹاؤن پولیس نے ایک ملزم عقیل احمد کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے دستی بم برآمد کیا گیا ہے۔

ملزم ٹارگٹ کلنگ کی کئی وارداتوں میں ملوث ہے، پولیس نے عاشورہ کے جلوس کے دوران کیمروں کی مدد سے نمائش چورنگی کے قریب سے 2 اور ایم اے جناح روڈ علی رضا امام بارگاہ کے قریب سے 3 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔