اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے وزیراعظم نواز شریف نیویارک پہنچ گئے، کہتے ہیں پاکستان کا نقطہ نظر دنیا کے سامنے رکھیں گے۔ عالمی برادری کو تحفظات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ لندن میں نیویارک روانگی سے قبل دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ووٹ کی طاقت سے حکومت تبدیل ہوئی۔
سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے بھی قانون سازی کی جائے گی۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے تمام اقدامات کرے گی۔ عوام کے مشورے سے پالیسیاں بنا کر انتخابی منشور میں کئے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ خوب صورت اور پر امن پاکستان ان کا خواب ہے جس کی تعبیر کیلئے تمام وسائل استعمال کئے جائینگے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کا نقطہ نظر اور تحفظات دنیا سامنے رکھیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے جمہوری طریقے سے انتقال اقتدار کو خوش آئند قرار دیتے ہوئیکہا کہ اب یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔