کراچی (جیوڈیسک) جشن عید میلاد النبیﷺ آج ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں شہر شہر اور گلی محلوں میں ریلیاں اور جلسے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
ملک بھر میں عاشقان رسول کی جانب سے گزشتہ روز نماز مغرب کے ساتھ ہی خاتم النبین، سید المرسلین آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کے میلاد کی خوشیاں منائی جارہی ہیں، ملک کے ہر چھوٹے بڑے شہر، قصبے اور گاؤں کی گلیاں، کوچے، بازار اور چوراہے برقمی قمقموں سے منور ہیں اور ہر سو سبز پرچموں کی بہار ہے، اس کے علاوہ ملک بھر کی تمام اہم سرکاری، نیم سرکاری اور نجی عمارتوں، مارکیٹوں اور بازاروں کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، نماز مغرب کے بعد ہی مساجد میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ اور سنتوں کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی اور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں نذرانہ عقیدت کے پھول نچھاور کئے گئے، بعض مقامات پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نسبت سے معروف متبرکات کے دیدار کا بھی انتظام کیا گیا۔ نعت خوانیوں اور دیگر روح پرور اجتماعات کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔
لاکھوں فرزندان توحید نے نماز فجر کی ادائیگی کے بعد بارگاہ رب العزت میں آمنہ کے لعل صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے ملک کی بقا، سلامتی اور ترقی و خوشحالی کے لئے دعائیں مانگیں جب کہ سرکاری طور پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
12 ربیع الاول کے موقع پر کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور اور اسلام آباد سمیت چھوٹے بڑے شہروں سے ریلیاں اور جلوس برآمد کئےجا رہے ہیں جب کہ سیرت کانفرنسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ کراچی میں عیدمیلاالنبیﷺ کامرکزی جلوس شہید مسجد کھارادر سے برآمد ہوگا اورجماعت اہلسنّت کراچی کا مرکزی جلوس 3 بجے سہ پہر علامہ شاہ تراب الحق قادری، حاجی حنیف طیب ،علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی ،مولانا ابرار رحمانی،صوفی حسین لاکھانی، مولانا خلیل الرحمن چشتی دیگر قائدین ، علما ومشائخ کی قیادت میں نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہو گا۔ چھوٹے بڑے تمام جلوس ایم اے جناح سے ہوتے ہوئے نشتر پارک پہنچیں گے جہاں مرکزی جلسہ عام سے علما و مشائخ خطاب کریں گے۔ جلسے سے جید علمائے کرام خطاب وقراردادیں پیش کریں گے اور وہیں نماز مغرب ادا کی جائے گی۔ عید میلاد النبیؐ کے مرکزی جلوس اور جلسے کے انتظامات کو جماعت اہلسنّت کے1500 رضا کار اور اسکاؤٹس انجام دیں گے، علامہ شاہ تراب الحق قادری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عید میلادالنبیؐ کے مرکزی جلوس کے تمام شرکا انتظامیہ اور رضاکاروں سے مکمل تعاون کریں۔
جشن عید میلاالنبیﷺ کے موقع پر کراچی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس اور ریلیوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔
کراچی میں مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر4 ہزار 850 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سندھ پولیس کے ترجمان کے اعلامیے کے مطابق 12 ربیع الاول کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کے تناظر میں ریپڈ رسپانس فورس کی 2 کمپنیوں، اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی 3 کمپنیوں پر مشتمل کمانڈوز کے علاوہ پی ٹی سی سعید آباد، شہید بینظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد ، سندھ ریزرو پولیس ، انسداد تجاوزات سیل اور کرائم برانچ سے 2000 پولیس افسران اور جوان بطور اضافی نفری کراچی پولیس کے ڈسپوزل پر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شہر مین منعقدہ 1115 محافل، 515 جلوسوں ، ریلیوں اور مرکزی جلوس و مرکزی اجتماع گاہ پر28 ہزار933 اہلکاروں کو سیکیورٹی فرائض پر تعینات کیا گیا ہے، 571 موبائلز اور 574 موٹر سائیکلوں پر سوار اہلکار اس کے علاوہ ہیں، گشت، اسنیپ چیکنگ کے تحت سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو انتہائی موثر اور مربوط بنایا گیا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ سے تمام اہم مقامات پر سویپنگ، اسکیننگ اور کلیئرنس سرٹیفکیٹس کے حصول کو بھی سیکیورٹی پلان کا حصہ بنایا گیا ہے، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے ہدایات جاری کی ہیں کہ12 ربیع الا اول کی سیکیورٹی کے جملہ انتظامات میں ضلعی اور زونل پولیس کے ساتھ پولیس کے اسپیشلائزڈ یونٹس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطوںِ کو ممکن بنایا جائے۔