پشاور (جیودیسک) فغانستان میں نیٹو افواج کو پاکستان کے راستے طورخم بارڈر سے تیل کی سپلائی بحال ہوگئی ہے۔ غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق کنٹریکٹرز نے آئل ٹینکرز پر بڑھتے ہوئے حملوں کے بعد جون میں تیل کی سپلائی روک دی تھی۔ کنٹریکٹر آزاد خان آفریدی نے غیر ملکی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ نجی سیکیورٹی فرم کی خدمات حاصل کرنے کے بعد آج سے سپلائی بحال کر دی گئی ہے۔
نجی کمپنی کراچی سے طورخم تک قافلوں کو سیکیورٹی فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ چار آئل ٹینکرز کراچی سے طورخم پہنچ گئے ہیں اور سیکیورٹی کلیئرنس کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔ غیرملکی نیوز ایجنسی کے مطابق مقامی انتظامیہ اور انٹیلی جنس کے حکام نے بھی سپلائی بحال ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔