مردان (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ ڈرون حملوں کی بندش تک صوبے سے نیٹو سپلائی کسی صورت نہیں کھولیں گے۔
مردان میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران سراج الحق کا کہنا تھا کہ امریکا افغانستان میں شکست کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے، اس نے پاکستان کی تقسیم کا فارمولا بنا رکھا ہے جسے ہر صورت ناکام بنا کردم لیں گے، وزیر اعظم نواز شریف بھی ہوش کے ناخن لیتے ہوئے خارجہ پالیسی تبدیل کرے ورنہ ان کا حال بھی پرویز مشرف جیسا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو کسی صورت امریکا کے حوالے نہیں کرنے دیں گے۔
خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ ڈرون حملوں پر صوبائی حکومت میں شامل تمام جماعتوں کا موقف یکساں اور واضح ہے، ڈرون حملوں کی بندش تک صوبے سے کسی صورت نیٹو سپلائی بحال نہیں کی جائے گی کیونکہ اس کا مقصد وفاقی حکومت کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان وفاقی حکومت کا حصہ ہونے کے باوجود بدامنی اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کر کے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔