مانسہرہ (جیوڈیسک) وزیر اعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی اس وقت تک بند رہے گی جب تک ڈرون حملے بند نہیں ہوتے۔ اتحادیوں جماعتوں کو اعتماد میں لینے کے لئے خیبرپختونخوا کابینہ اور اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔
مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں کے معاملے پر جلد اتحادی اور دوسری جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بلدیاتی نظام عوام کو دھوکا دینے کے لیے بنائے گئے۔ خیبرپختونخوا میں جو بلدیاتی نظام لارہے ہیں اس میں ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی نمائندوں کے ماتحت کام کرے گی۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبہ ہزارہ کی قرارداد صوبائی اسمبلی سے منظور کرا کے سمری وفاقی حکومت کو بھیجی جائے گی۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کابینہ اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں اتحادی جماعتوں کو نیٹو سپلائی کی بندش، امن وامان کی صورتحال اور ڈرون حملوں کے خلاف قرارداد کے حوالے سے اعتماد میں لیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس شام چاربجے ہوگا جس میں ڈرون حملوں کی بندش کے حوالے قرارداد پیش کی جائے گی۔