نیٹو سپلائی کی بندش، تحریک انصاف آج تیسرے روز بھی دھرنے دے گی

PTI Sit

PTI Sit

خیبرپختونخوا (جیوڈیسک) تحریک انصاف اور اتحادی جماعتیں آج مسلسل تیسرے روز نیٹو سپلائی روکنے کے لئے دھرنا دیں گی۔ گذشتہ روز بھی خیبر پختونخوا کے پانچ اضلاع میں نیٹو کنٹینرز روکنے کیلئے دھرنے دیئے گئے۔ کارکنوں کی ڈرائیوروں سے ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

خیبرپختونخوا میں نیٹوسپلائی روکنے کے لئے تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے کارکنوں کادھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا۔ مظاہرین نے پشاور خیرآباد، چارسدہ، صوابی انٹرچینج اور خوشحال گڑھ میں مختلف سڑکوں کو بند کئے رکھا۔ پشاور سے خیبر ایجنسی کے راستے نیٹو سپلائی پیر کو بھی بند رہی۔

تحریک انصاف کے کارکنوں نے رنگ روڈ پر حیات آباد انٹرچینج کے قریب کیمپ لگایا۔ خار دار تاریں لگا کر دو رویہ سڑک بھی بند کر دی گئی۔ کارکن طورخم جانے والی گاڑیوں کو روکتے اور کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد آگے جانے کی اجازت دیتے رہے۔ کئی ڈرائیوروں سے ان کی ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ گاڑیوں کو روکنے سے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔

کارکنوں کا کہنا تھا کہ وہ افغان ٹرانزٹ والی گاڑیاں نہیں روک رہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے انڈس ہائی وے پر کورائی کے مقام پر کیمپ لگایا۔ پشاور جانے وا لے کنٹینرز کے کاغذات چیک کر کے آگے جانے کی اجازت دی جاتی تھی۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے پنجاب سے خیبر پختونخوا کے داخلی راستے اٹک پل پر بھی ناکہ لگا لیا جہاں ٹرکوں اور کنٹینرز کو تلاشی کے بعد صوبے میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔

پرجوش کارکنوں نے ایک کنٹینر پر چڑھ کر خوب نعرہ بازی کی۔ کیمپ منگل کو بھی جار ی رہے گا۔ دوسری طرف اتوار کو پشاور میں کنٹیرڈرائیور پر تشدد پر پی ٹی آئی کے چالیس کارکنوں کے خلاف پشتخرہ تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا تاہم کسی کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔