الطاف حسین کا کہنا ہے کہ نیٹو سپلائی روک کر غریبوں کو بے روز گار کیا جارہاہے، عمران خان اگر بہادر ہیں تو ڈرون گرانے کا حکم دیں۔
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اپنی کتاب’’فلسفہ محبت‘‘ کی تقریب رونمائی سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی روکنے کے لئے دھرنا دینے والے عمران خان اور جماعت اسلامی وزیراعظم ہاؤس بھوک ہڑتال کریں اور مطالبہ کریں کہ حکومت مسلح افواج کو ڈرون حملے گرانے کی ہدایت کرے۔
نیٹو سپلائی بندکرنے کی باتیں تو کی جا رہیں مگر اس کےملک پرکیااثرات ہوں گےاس پرغور نہیں کیا جا رہا۔ الطاف حسین نے کہا کہ کیا حکیم اللہ محسود کو شہید کہنے والے منور حسن کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کر کے گرفتار نہیں کیا جانا چاہئے۔
ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ یہ وقت ایک دوسرے کو تکلیف دینے کا نہیں ہے، دنیا میں فلسفہ محبت عام ہو جائے تو سارے جھگڑے ختم ہو جائیں۔
الطاف حسین کی کتاب کی تقریب میں رونمائی میں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔