قدرتی آفات کی صورت میں نقصانات کی شرح کیسے کم ہو؟

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) قدرتی آفات کی صورت میں نقصانات کی شرح کم کرنے کے حوالے سے پشاور یونیورسٹی میں چھٹی ڈیزاسٹر مینجمنٹ نمائش شروع ہوگئی۔ دو روز ہ نمائش میں ملکی اور غیر ملکی ادارے شرکت کر رہے ہیں۔ نمائش کا مقصد طلبا کو قدرتی آفات سے نمٹنے کی آگہی فراہم کرنا ہے۔ پشاور یونیورسٹی میں قدرتی آفات سے متعلق نمائش میں ملکی اور غیر ملکی فلاحی اداروں نے اسٹالز لگا رکھے ہیں۔

جہاں طالب علموں کو قدرتی آفات کی صورت میں متاثرین کی فوری امداد اور بحالی سے متعلق آگہی فراہم کی جارہی ہے۔ اسٹالزپر ریسکیو کے کام میں مدد گار آلات بھی رکھے گئے ہیں۔ ماڈلزکے ذریعے بھی طالب علموں کوقدرتی آفات کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور نقصانات کی شرح کم کرنے کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے۔ نمائش میں طالب علموں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ نمائش میں شرکت کے لئے ڈیڑھ سو سے زیادہ تعلیمی اداروں کو دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔