کراچی (جیوڈیسک) بھارت کو فضائی محاذ کے بعد سمندری محاذ پر بھی ناکامی کا سامنا ہے، پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر پاکستانی حدود میں داخلے سے روک دیا۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارتوں کے ساتھ ہر دم چوکنا رہتے ہوئے کامیابی سے بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر اُسے پاکستان کی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امن قائم رکھنے کی حکومتی پالیسی کو مد نظر رکھتے ہوئے بھارتی آبدوز کو نشانہ نہیں بنایا گیا جو پاکستان کی امن پسندی کا غماز ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نومبر 2016 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے کہ جب پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سُراغ لگایا۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کی اپنی موجودگی کو خفیہ رکھنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا، اس واقعے سے سبق حاصل کرتے ہوئے بھارت کو بھی امن کی طرف راغب ہونا چاہیے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کا جدید ٹیکنالوجی سے لیس بھارتی آبدوز کا سراغ لگا لینا بھارتی بحریہ کی ناکامی ہے اور یہ اہم کارنامہ پاکستان نیوی کی اعلیٰ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے پاک بحریہ ہر لمحہ مستعد و تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔