بحریہ ٹاؤن نے آئی ڈی پیز کی امداد کیلئے 5 ٹرک اور 3 ہیلتھ یونٹ روانہ کر دیئے

IDPs Support

IDPs Support

راولپنڈی (جیوڈیسک) بحریہ ٹاؤن کی جانب سے شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے لئے 5 ٹرک امدادی سامان اور 3 ہیلتھ یونٹ روانہ کر دیئے گئے ہیں۔

چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کی ہدایت ہر آئی ڈی پیز کی امداد کے لئے بحریہ ٹاؤن نے راولپنڈی سے 5 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان بنوں روانہ کر دیا ہے، امدادی سامان میں آٹا گھی، چاول، چائے اور دیگر ضروری چیزیں شامل ہیں۔

بحریہ ٹاؤن کی جانب سے آئی ڈی پیز کی امداد کے لئے 3 ہیلتھ یونٹس بھی روانہ کئے گئے ہیں جس میں ڈاکٹرز، نرسیں اور پیرامیڈیکل سٹاف موجودہے۔

بحریہ ٹاؤن حکام کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حکومت اور فوج کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، آئی ڈی پیز کی امداد کے لئے این او سی لینے کی کوشش کر رہے ہیں، ان علاقوں میں امداد پہنچائیں گے جہاں پر فوج اور حکومت کی امداد نہیں پہنچ رہی۔ بحریہ ٹاؤن اس وقت تک آئی ڈی پیز کی امداد جاری رکھے گا جب تک آخری آئی ڈی پی اپنے گھر کو روانہ نہیں ہو جاتا۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے باعث 9 لاکھ کے قریب مقامی لوگ نقل مکانی کر کے خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں میں لگائے گئے کیمپوں میں موجود ہیں۔