کوئٹہ (جیوڈیسک) جمہوری وطن پارٹی کے رہنما نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے اعلان کیا ہے کہ 26 اگست کو نواب اکبر بگٹی کی برسی کے موقع پر صوبے میں شٹرڈاون اور پہیہ جام ہڑتال ہو گی۔
اس بات کا اعلان نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے جمہوری وطن پارٹی کے 25ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواب اکبر بگٹی کی پاکستان کے لیے بہت قربانیاں ہیں، نواب اکبر بگٹی وہی رہنما تھے جنہوں نے بلوچستان کو پاکستان میں شامل کرایا، نواب زادہ شاہ زین بگٹی نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمالک صوبے کے کمزور ترین وزیر اعلی اور موجودہ بلوچستان حکومت صوبے کی تاریخ کی کمزور حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج صوبے میں بے روزگاری عام اور ملازمتیں فروخت ہورہی ہیں، وزیر اعلی بلوچستان مکران میں اپنی گاڑی پر پاکستان کا جھنڈا لہرا نہیں سکتے ہیں، جبکہ ہم پورے صوبے میں پاکستان کا جھنڈا لہراتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پاک فوج کا کردار بہت مثبت ہے، جنرل راحیل شریف کی خدمات ملک کے لیے ناقابل فراموش ہے، کمانڈر سدرن کمانڈر ناصر خان جنجوعہ صوبے کے لیے بہت کوششیں کر رہے ہیں۔
نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ڈیرہ بگٹی سے بے دخل کئے گئے، بگٹی مہاجرین کی دوبارہ آباد کاری کو یقینی اور سوئی گیس کی مدمیں وفاق کے ذمہ صوبے کی رائلٹی کی ادائیگی کو کو یقینی بنائیں،، اس سے قبل جمہوری وطن پارٹی کے 25 ویں یوم تاسیس کے موقع پر جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے بگٹی ہاوس میں کیک کاٹا اور پارٹی پرچم کشائی بھی کی۔