کوئٹہ (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نواب اکبر بگٹی کی قبر کشائی اور ڈی این ٹیسٹ کیلئے دی جانے والی درخواستوں پر فریقین کو نو ٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج جان محمد گوہر کی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران مدعی نواب اکبر بگٹی کے صاحبزادے نوا بز ادہ جمیل اکبر بگٹی پیش ہوئے اور عدالت کو بتایاکہ عدالت کی جانب سے انکے مسلسل پیش نہ ہونے کی شکایات پر وہ گزشتہ پیشی پر حاضر ہوئے تھے لیکن جج صاحب شاید چھٹی پر تھے۔
انھوں نے کہاکہ کیس کا مرکزی ملزم تو عدا لت میں پیش نہیں ہو رہا اس وقت تو وہ مکہ مارتے تھے، اب وہ معا فیا ں مانگتے ہیں، عدالت نے ریمارکس دئے کہ ماضی کی نسبت اب صورتحال کافی تبدیل ہو گئی ہے۔
عدالت نے نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی کی جانب سے دائر درخواستوں پر بحث کیلئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دئے۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شیرپاو عدالت میں پیش ہو ئے تاہم سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی عدالت میں موجود نہیں تھے انکے وکیل جام فاروق کی جانب سے پیش کی گئی درخواست پر عدالت نے شعیب نوشیروانی کی ایک دن کے لئے حاضری سے استثنی کی درخوا ست منظور کر لی۔
ادھر کیس کے مرکزی ملزم سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشر ف کے وکیل اختر شاہ پیش ہوئے، بعد میں سماعت 13 جنوری 2016 تک ملتوی کر دی گئی۔