نواب شاہ (جیوڈیسک) نوابشاہ میں کچی شراب پینے سے پولیس 5اہلکار سمیت افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس معاملے کو چھپانے کی کوشش میں مصروف۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو پرانے نوابشاہ میں کچی شراب پینے سے 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
جن میں 18 سالہ راشد علی، 28 سالہ امین مغل، 22 سالہ عابد رانگڑ، 36 سالہ رفیق بھنگوار پولیس اہلکار اور محمد شفیق عرف شینو شامل ہیں۔ کچی شراب پینے سے ہلاک ہونے والے پانچوں افراد آپس میں دوست تھے اور انہوں نے ایک ساتھ شراب پی جس سے ان کی موت واقع ہوگئی۔ مرنے والوں میں 28 سالہ محمد امین مغل ایک انتہائی بااثر سیاسی شخصیت عظیم مغل کا بھائی ہے ۔
جس کی وجہ سے پولیس اس واقعے کو چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔ ڈی ایس پی سٹی اعجاز ترین نے بتایا کہ ہم نے شہر بھر میں شراب کے اڈے بند کرادیے تھے اگر کوئی شخص کسی میڈیکل اسٹور سے ٹنکچر کی بوتل خریدار کر اس میں گولیاں وغیرہ ملاکر پی لے تو پولیس کیا کرے۔ کچی شراب سے 5 افراد کی ہلاکت کے باوجود نواب شاہ پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ واضح رہے کہ چند سال قبل بھی زہریلی شراب پینے سے 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔