نواب زادہ نصراللہ خان نے جمہویت دشمنوں کے سامنے ہمیشہ آہنی چٹان کا کردار ادا کیا، بشارت مرزا
Posted on September 28, 2013 By Tahir Webmaster کراچی
کراچی : بابائے جمہوریت نواب زادہ نصراللہ خان کی دسویں برسی ملک بھر میں عقیدت واحترام سے منائی گئی، اس سلسلے میں پاکستان کے مختلف شہروں میں پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے تحت سیمینار، کانفرنسز، مذاکروں، مباحثوںاور مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں نواب زادہ نصراللہ خان کی ملک وقوم کے لئے خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا، برسی کی مرکزی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔
جس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی صدر بشارت مرزا نے کہاکہ بابائے جمہوریت نواب زادہ نصراللہ خان نے جمہوریت دشمنوں کے سامنے ہمیشہ آہنی چٹان کاکردار اداکیا، ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی، آئین کی بالادستی اور آمریت کے خاتمے کے لئے انہوں نے طویل اور تاریخ ساز سیاسی جدوجہد کی جو پاکستان کی تاریخ کا سنہرا باب ہے۔ پاکستان میں موجودہ جمہوریت کے استحکام میں بھی نواب زادہ نصراللہ خان کااہم کردار ہے جنہوں نے ملک کی دونوں بڑی جماعتوں کوایک میز پر بٹھایا اور میثاق جمہوریت پر راضی کیا۔
بشارت مرزانے کہاکہ آج بھی نوابزادہ نصراللہ خان کے افکارہماری رہنمائی کررہے ہیں،آمریت کے سدباب اور آئین وقانون کی بالادستی کے لئے جمہوری قوتوں کاہرحال میں ساتھ دینگے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ڈیمو کریٹک پارٹی اپنے بانی قائد کے افکار و نظریات کے مطابق ملک میں جمہوریت کے لئے اپنی خدمات اور سرگرمیوں کاسلسلہ جاری رکھے گی اس سلسلے میں پارٹی کو ملک بھرمیں ازسرنومنظم کررہے ہیں۔
تقریب سے مرکزی رہنماارشد مرزا، عبدالحمید مغل، ڈاکٹر ایس ایم حسین، علی بہادر
خان، غلام صابر، عبدالحکیم، عبدالمجید قریشی، سلیم نیازی، قاری نذیر نقشبندی، اقبال خان شکرانی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہاکہ نوابزادہ نصر اللہ خان کا کردار طالبان سیاست کے لئے مشعل راہ ہے، اگر ان کے نظریئے پر عمل کیاجائے تو ملک اور قوم موجودہ تمام چیلنجز سے بخوبی مقابلہ کرسکتے ہیں۔