نوابشاہ (جیوڈیسک) نوابشاہ میں سکول وین اور مسافر گاڑی میں خوفناک تصادم سے بچوں سمیت 22 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ زخمی بچوں کی حالت تشویشانک ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے سانحے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
قاضی احمد روڈ پر اسکول وین اور مسافر وین کے ہولناک تصادم میں بچوں سمیت 22 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثے کے باعث بچے اور مسافر گاڑیوں کے درمیان پھنس گئے جنہیں امدادی کارروائی کے بعد ریسکیو کیا گیا۔
زخمیوں کو مقامی افراد نے اپنی گاڑیوں میں پیپلز میڈیکل کالج ہسپتال نواب شاہ منتقل کیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ تمام طلبا کا تعلق ایک ہی سکول سے ہے جبکہ مسافر وین نواب شاہ سے مورو جا رہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث سامنے سے آنیوالی مسافر گاڑی سے ٹکرا گئی۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کو ہر ممکن علاج معالجے کی بہترین سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ ضرورت پڑی تو زخمیوں کو حیدر منتقل کیا جائے گا۔
واقعے پر ایم کیو ایم کے رہنما الطاف حسین نے بھی ہولناک حادثے میں ضائع ہونیوالی قیمتی جانوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ حادثے کا شکار ہونیوالی وین کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ہے۔