کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہزہائی نیس نواب مہابت خان رائل فیملی فاونڈیشن و ٹرسٹ کے چیئرمین نوابزادہ غلام محمد خان نے جونا گڑھ کمیونٹی قبرستان کی زبوں حالی کو نوٹس لیتے ہوئے سلیم لودھی ‘ مصطفی خان ‘ عارف عرب ‘ فاروق انصاری‘جونا گڑھ میں شامل مختلف برادریوں کی نمائندہ جماعتوں کے عہدیدارن اورجونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے الیکشن کمشنر امیر پٹی کے ہمراہ جونا گڑھ کمیونٹی قبرستان ‘ سعیدآباد بلدیہ ٹاون کا دورہ کیا اور قبرستان میں پانی کی موٹر لگانے ‘ پانی کاٹینک اور اورہیڈ ٹینک بنانے ‘ روشنی و لائٹس کا انتظام کرنے کے ساتھ قبرستان میں مختلف پھولوں ‘ پھلوں اور سبزیوں کے 10 ہزار پودے و درخت لگانے کا اعزم و اعلان کیا اور فوری طور پر ایک ہزار پودے قبرستان انتظامیہ کے حوالے کرتے ہوئے پہلا پودا اپنے ہاتھ سے لگاکر قبرستان کو سرسبز بنانے کی مہم کا آغاز کیا۔
اس موقع پر موجود جونا گڑھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی مختلف برادریوں کے نمائندگان نے نوابزادہ غلام محمد خان کا شکریہ اداکیا اور جونا گڑھ قبرستان کی مرمت اور دیکھ بھال کیلئے ان کی سنجیدہ کوششوں کو سراہتے کہا کہ نوابزادہ غلام محمد خان جونا گڑھ سے تعلق رکھنے والی برادریوں کو متحدویکجا کرنے اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے جو خدمات انجام دے رہے ہیں وہ مثالی ہیں اور تمام برادریاں ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان پر اظہار اعتماد کرتی ہیں۔