نواز لیگ کا جشن آزادی ہلڑ بازی کی نذر کارکن نئی نامزدگیوں کیخلاف پھٹ پڑے

Nawaz League

Nawaz League

فیصل آباد (جیوڈیسک) یوم آزادی کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام سرکٹ ہائوس میں ہونیوالی تقریب ہلڑ بازی کا شکار ہو گئی۔ ضلعی جنرل سیکرٹری قاسم فاروق کی جانب سے نئی نامزدگیوں کے خلاف ایم ایس ایف، مسلم لیگ یوتھ ونگ اور مسلم لیگ ن کے بعض کارکنان نے کمشنر فیصل آباد سردار جاوید اکرام کے سپاسنامہ شروع ہوتے ہی پارٹی کی ضلعی تنظیم کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی جس پر ضلعی عہدیداروں نے بھی مخالف گروپ کے خلاف محاذکھول لیااور یوں ایک دوسرے کے خلاف نعرہ بازی کا طوفان برپا ہو گیا ،جس کی وجہ سے تقریب بد نظمی کا شکار ہوگئی۔

اس موقع پر سٹی جنرل سیکرٹری شاہد محمود بیگ کی جگہ مہمان خصوصی جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ پنجاب و صوبائی وزیر لیبر راجہ اشفاق سرور نے خود مائیک سنبھال لیااور عہد یدا روں کو خاموش کرانے لگے۔

بعد ازاں یوتھ ونگ کے رہنما غلام حسین شاہد، صوبائی وزیر ندیم کامران اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا ارشد نے بھی کارکنوں کو خاموش کرانے کی اپنی سی کوشش کی جبکہ اسی دوران ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی بیچ بچائو کروانے میں نمایاں تھے۔ احتجاج کرنے والے لیگی کارکنوں کا کہنا تھا کہ ضلعی تنظیم میں لوٹے بھرتی کرنے والوں کو فارغ کیا جائے۔